بسم الله الرحمن الرحيم
... | ...
🌦️ ... | 🕒 ...
Prayer Times Widget
لوڈنگ...

ادارے کا نظام تعلیم

نظام تعلیم

نمایاں و مؤثر کردار کے حامل رجالِ کار کی فراہمی کے لئے دینی علوم کے ساتھ عصری تقاضوں اور ضروریات سے واقفیت مسلم ہے، اسی کے پیشِ نظر ادارہ میں دینی علوم کے ساتھ عصری علوم کی تعلیم بھی دی جاتی ہے، جس کا نظم یوں ترتیب دیا گیا ہے کہ تعلیمی دورانیہ کے کامیاب اختتام پر ہر طالب علم درسِ نظامی مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ایم اے (بی ایس) کی تعلیم بھی مکمل کر چکا ہو اور زندگی کے اگلے مراحل کی طرف یکسوئی سے پیش قدمی جاری رکھ سکے۔ اس راہ کی مشکلات بھی گوناگوں ہیں، تاہم اسباب اختیار کرنے کے بعد نتائج کے حصول کے لئے توکل علی اللہ ہی مشکلات سے نکلنے کا واحد راستہ ہے۔

شعبہ حفظ

ابتدائی طالب علم جو قرآن کریم کے حفظ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور وہ مناسب استعداد کا حامل ہے، وہ چار سالوں میں مکمل قرآن کریم حفظ کر لیتا ہے۔ حفظ کے نصاب کو اس طور پر تقسیم کیا ہے کہ پہلے سال طالب علم قاعدہ اور ناظرہ مکمل کرتا ہے اور اس کے ساتھ ابتدائی دو سے تین پارے حفظ کر لیتا ہے، اس کے بعد کے تین سالوں میں وہ قرآن کریم حفظ بھی کرتا ہے اور پھر اس کا دور (گردان) بھی مکمل کرلیتا ہے۔
حفظ قرآن کے ساتھ ساتھ طلباء کو اسکول کا نصاب بھی پڑھایا جاتا ہے، جس میں خاص طور پر اردو، انگریزی اور ریاضی کی ابتدائی تعلیم شامل ہے۔ اس نصاب کو پڑھنے کے بعد طالب علم جماعت پنجم پڑھنے کا اہل ہوجاتا ہے۔
شعبہ حفظ کے طلباء کو اسکول کے نصاب کے علاوہ مسنون دعائیں، آدابِ معاشرت اور طہارت و نماز کے ابتدائی احکام کی تعلیم دی جاتی ہے۔

تعلیمی اوقات:
شعبہ حفظ کی پڑھائی موسم گرما میں فجر کی نماز کے متصل بعد سے شروع ہوتی ہے جبکہ موسم سرما میں نماز فجر سے ایک گھنٹہ پہلے شروع ہوتی ہے۔ ۱۲ بجے چھٹی ہوتی ہے۔ اس دوران ناشتہ کا وقفہ بھی ہوتا ہے۔ ۱۲ سے ۲ بجے تک وقفہ ہوتا ہے جس میں طلباء کھانا کھاتے ہیں اور آرام کرتے ہیں۔ اس کے بعد ظہر سے عصر تک، پھر مغرب سے عشاء تک اور عشاء کے بعد ایک گھنٹہ پڑھائی جاری رہتی ہے۔ رات کا کھانا عشاء کے بعد ہوتا ہے۔ صبح ۱۰:۳۰ سے ۱۲ بجے تک اسکول کا گھنٹہ بھی ہوتا ہے اور طلباء کو لاؤڈ سپیکر پر مختلف قراء کی تلاوت سنائی جاتی ہے۔

شعبہ اسکول

جماعت پنجم سے میٹرک تک پانچ سالوں پر مشتمل نصاب ہے۔ کورس کو اس طور پر مرتب کیا گیا ہے کہ ایک طالب علم جماعت دہم مکمل کرنے کے ساتھ درس نظامی کا پہلا سال (درجہ اولیٰ) مکمل کرلیتا ہے۔ جو طالب علم پنجم کی استعداد رکھتا ہو چاہے حافظ ہو یا غیر حافظ، اسے پانچ سالوں میں میٹرک تک کا نصاب پڑھایا جاتا ہے۔ پہلے سال جماعت پنجم، دوسرے سال جماعت ششم و ہفتم، تیسرے سال جماعت ہشتم، چوتھے سال جماعت نہم اور پانچویں سال جماعت دہم کا نصاب پڑھایا جاتا ہے۔ شعبہ اسکول میں فیڈرل بورڈ کا نصاب پڑھایا جاتا ہے۔ ادارہ فیڈرل بورڈ اسلام آباد سے ملحق ہے۔ طلباء فیڈرل بورڈ سے ریگولر حیثیت میں امتحان دیتے ہیں۔

تعلیمی اوقات:
شعبہ اسکول میں گھنٹے صبح ۷ بجے سے عصر تک ہوتے ہیں۔ باقی پڑھائی کے اوقات میں طلباء اپنا سبق لکھتے اور دہراتے ہیں۔

درس نظامی

آٹھ سالہ دینی تعلیم پر مشتمل کورس، جس میں میٹرک پاس طالب علم کو داخلہ دیا جاتا ہے۔ طالب علم آٹھ سالوں میں درس نظامی کی تکمیل کے ساتھ ایم اے (بی ایس) مکمل کرلیتا ہے۔ ادارہ میں فی الوقت درجہ سادسہ (بی اے) تک کی تعلیم دی جاتی ہے۔ درجہ ثالثہ کے ساتھ گیارہویں کا نصاب اور درجہ رابعہ کے ساتھ بارہویں کا نصاب پڑھایا جاتا ہے۔ طلباء فیڈرل بورڈ سے پرائیویٹ حیثیت میں امتحان دیتے ہیں۔ ادارہ میں درجہ ثانیہ، ثالثہ اور رابعہ عربی میں پڑھائے جاتے ہیں۔

تعلیمی اوقات:
شعبہ درس نظامی میں گھنٹے صبح ۷ بجے سے ظہر تک ہوتے ہیں۔

خصوصیات

  • ادارہ میں نصاب اس طور پر ترتیب دیا گیا ہے کہ ایک طالب علم درس نظامی کی تکمیل کے ساتھ عصری تعلیم ایم اے تک مکمل کرلیتا ہے۔
  • ادارہ میں انگلش اور عربی بول چال پر توجہ دی جاتی ہے۔
  • تجوید کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ اس بات کا اہتمام کیا جاتا ہے کہ ہر درجہ / جماعت کا طالب علم قرآن کریم درست تلفظ اور تجوید کے قواعد کے مطابق پڑھ سکے۔
  • ادارہ میں مضمون نویسی پر توجہ دی جاتی ہے۔ طلباء میں خود سے لکھنے کی صلاحیت پیدا کی جاتی ہے۔ چنانچہ طلباء تینوں زبانوں (عربی، انگریزی اور اردو) میں مضامین لکھتے ہیں۔
  • ادارہ میں طلباء کو مختلف عربی خطبات (جمعہ، عیدین، نکاح وغیرہ) زبانی یاد کرائے جاتے ہیں اور پھر ان کا مسابقہ کرایا جاتا ہے۔

ہم نصابی سرگرمیاں

جامعہ کے شب و روز کے معمولات اس طرح ترتیب دئیے گئے ہیں کہ طلباء دینی و عصری نصاب پڑھنے کے علاوہ تعلیم و تربیت کے لئے مفید و معاون ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی مصروفِ عمل ہوں، جن کی تفصیل حسبِ ذیل ہیں:

(الف) روزانہ کی سرگرمیاں:

نمبرسرگرمیوقت
۱تلاوت قرآنِ مجید و ادعیہ مسنونہبعداز نمازِ فجر (۴۰ منٹ)
۲اسباقصبح ۷ بجے سے ظہر تک
۳تفریح و جسمانی ریاضتیںبعد از نمازِ عصر
۴مطالعہبعد از نمازِ مغرب
۵تکراربعد از نمازِ ظہر و عشاء

(ب) ہفتہ وار سرگرمیاں:

نمبرسرگرمیوقت
۱جمعہ و عیدین وغیرہ کے عربی خطباتبروز بدھ بعد عشاء
۲فنِ خطابتبروز بدھ بعد عشاء
۳مجلسِ وعظ و ذکرمنگل بعد عشاء ۱۰ بجے

(ج) ماہانہ سرگرمیاں:

نمبرسرگرمیوقت
۱اصلاحی بیاناتاتوار بعد نمازِ مغرب
۲اعتکافجمعرات عصر تا جمعہ عصر
۳دعوت و تبلیغچوبیس گھنٹے، شبِ جمعہ
۴مضمون نویسیمہینہ کا ابتدائی ہفتہ
۵یومِ صفائیجمعرات

(د) مسابقات:

مقابلہ کی فضا اور طلبہ میں جذبہ مسابقت پیدا کرنے کے لئے ہم نصابی سرگرمیوں میں حسبِ ذیل مقابلے منعقد کرائے جاتے ہیں:

  • مسابقہ عربی خطبات
  • مسابقہ فنِ خطابت
  • مسابقہ معلوماتِ سیرت
  • مسابقہ عبارت خوانی
  • مسابقہ مضمون نویسی
  • مسابقہ صرف و نحو
  • مسابقہ حسنِ قراءت
  • مسابقہ کھیل و جسمانی ریاضتیں
امتحانات

طلباء کے فہم کو جانچنے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے امتحانات کا انعقاد ایک لازمی امر ہے۔
ادارہ میں تمام شعبہ جات میں سال کے تین بڑے امتحانات ہوتے ہیں:

  1. سہ ماہی امتحان (جو تقریبا محرم الحرام کے آخری ہفتہ میں ہوتا ہے)
  2. شش ماہی امتحان (جو تقریبا ربیع الثانی کے تیسرے ہفتہ میں ہوتا ہے)
  3. سالانہ امتحان (جو تقریبا شعبان کے پہلے ہفتہ میں ہوتا ہے)

ان تین امتحانات کے علاوہ شعبہ حفظ اور شعبہ اسکول میں ہر مہینہ جائزہ بھی ہوتا ہے۔
امتحانات میں تحریری پرچے بھی ہوتے ہیں اور بعض مضامین کا تقریری امتحان بھی لیا جاتا ہے۔ اکثر ابتدائی درجات کے طلباء کا تقریری امتحان ہوتا ہے۔
تحریری پرچہ میں عام طور پر تین سوالات ہوتے ہیں اور ہر سوال کے مختلف اجزاء ہوتے ہیں۔ سہ ماہی اور ششماہی امتحان کے پرچے متعلقہ اساتذہ بناتے ہیں جبکہ سالانہ امتحان کے پرچے دوسرے اساتذہ بناتے ہیں۔ پرچوں پر باقاعدہ نظر ثانی کی جاتی ہے اور اس کی ذمہ دار “مجلس تعلیمی” ہے۔

نتائج

امتحانات کے بعد جلد ہی پرچوں کی چیکنگ کا عمل مکمل ہوتا ہے۔ تقریبا چار سے پانچ روز میں نتیجہ مکمل تیار ہو جاتا ہے۔ نمایاں نمبرات اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو حوصلہ افزائی کے طور پر انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا جاتا ہے۔

درجات کا معیار

تمام درجات میں ہر مضمون کے سو (100) نمبر ہوتے ہیں۔ کامیاب ہونے کے لئے کم ازکم چالیس (40) نمبر لینا لازمی ہوتا ہے۔
درجات کا معیار درج ذیل ہے:

فیصد (Percentage) درجہ / معیار
90% یا اس سے زائد ممتاز مرتفع
80% سے 89% ممتاز
60% سے 79% جید جدا
50% سے 59% جید
40% سے 49% مقبول
40% سے کم راسب (ناکام)